Skip to content
 

ماڈرن دینی مسائل اور ان کے جوابات

سوال 1 :
کیا رمضان میں برتھ ڈے کرنا جائز ہے؟
جواب :
رمضان میں ایسی رسمیں کرنا معیوب ہے بہتر ہے کہ آپ رمضان سے پہلے کرلیں یا بعد میں قضا کر لیں۔

سوال 2 :
میرے سارے پسندیدہ TV پروگرام ٹھیک اسی وقت پر آتے ہیں جب تراویح چلتی رہتی ہے۔ کیا تراویح کو کچھ تاخیر سے ادا کیا جا سکتا ہے؟
جواب :
ہرگز نہیں۔ تراویح کو ٹی وی پروگرام کی خاطر قضا کرنا انتہائی گمراہ کن بات ہے۔ آپ اپنے پسندیدہ پروگرام ریکارڈ کر لینے کا انتظام کرلیں تو بہتر ہے۔

سوال 3 :
تھیٹر میں بُرقعوں کو دیکھ کر ہمیں بڑی کوفت ہوتی ہے ۔ یہ بُرقعہ کی توہین ہے۔کیا برقعہ پہن کر تھیٹر جانا جائز ہے؟
جواب۔ برقعہ حجاب کی نشانی ہے ۔ اسے ہر جگہ پہننا چاہیے ورنہ غیر محرموں کے درمیان بے پردگی ہوتی ہے۔ البتہ تھیٹر کے اندر اگر نقاب الٹ لیں تو کوئی مضائقہ نہیں ۔

سوال 4 :
جیسا کہ آپ جانتے ہیں عورت کو اس کے حسن کی آرائش و زیبائش کی اجازت ہے لیکن برقعہ کے نقاب کی وجہ سے بال اور چہرے کا میک اپ بکھر جاتا ہے۔ کیا ایسے وقت میں نقاب کو ترک کیا جا سکتا ہے؟
جواب :
حیا اور شرم دل میں ہونی چاہیئے ۔ اگر آپ میک اپ کے بعد ایسی تقریب میں جاتی ہیں جہاں کوئی اجنبی نہیں سارے آپ کے دوست و رشتہ دار ہیں تو آپ کو بغیر نقاب جانے کی اجازت ہے۔

سوال 5 :
میری حال حال میں شادی ہوئی ۔ میں نے لڑکی والوں سے کچھ نہیں مانگا لیکن انہی لوگوں نے بہت ساری نقدی اور جہیز دیا۔ کیا یہ جائز ہے؟
جواب :
اگر ان لوگوں نے یہ کہہ کر دیا کہ "خوشی سے دے رہے ہیں " تو آپ پر کوئی مواخذہ نہیں ہے۔ اگر آپ نے مانگ کر یا مطالبہ کرکے لیا تو یہ جائز نہیں لیکن جو ہو چکا وہ ہو چکا، اب استغفار کر لیجیئے۔

سوال 6 :
میری شادی کی بات چیت میں میرے والدین نے لڑکی والوں سے جوڑا جہیز کے کچھ مطالبات کئے جسمیں میری مرضی شامل نہیں تھی۔ کیا مجھے والدین کی مرضی کی خلاف اب ان چیزوں کو واپس کردینا چاہئے؟
جواب :
والدین کی نافرمانی سخت گناہ ہے۔ وہ جو کچھ کرتے ہیں آ پ ہی کی بہتری کیلئے کرتے ہیں۔ یوں بھی ایسے مسائل میں عرف یعنے رائج طریقہ دیکھا جاتاہے۔ جوڑا جہیز لینا معروف میں داخل ہے۔آپ کی بیٹیاں ہونگی تو اس سے بھی زیادہ دینا پڑے گا۔ اسی کو جمع کرنے میں ابھی سے لگ جائیے۔

سوال 7 :
وضو سے میک اپ اور Nail Polish خراب ہوتے ہیں۔ کیا تیمم کی اجازت ہے؟
جواب :
تیمم تو صرف اسی وقت کیا جا سکتا ہے جب پانی دستیاب نہ ہو یا کوئ اور مجبوری ہو۔ آپ یہ کیجیئے کہ میک اپ یا Nail Polish کروانے سے پہلے ہی وضو کر لیا کیجیئے۔

سوال 8 :
علماءِ حق کِن کو کہا جاتا ہے؟
جواب :
یعنے وہ علماء جن کا تعلق آپ کی جماعت یا مسلک سے ہو یا وہ علماء جو آپ کی جماعت، سلسلے یا عقیدے کی تائید نہیں تو مخالفت بھی نہیں کرتے۔ باقی جتنے ہیں علماء سوء کہلاتے ہیں۔

سوال 9 :
مسلمانوں کی ذلّت کا سبب کیا ہے؟
جواب :
سب سے بڑا سبب اتّحاد کی کمی ہے۔ جب تک تمام علماء اور قائدین ہم خیال نہیں ہوتے یعنے ہماری "ہم" کا خیال نہیں رکھتے اُس وقت تک امت میں اتحاد پیدا ہونا ناممکن ہے۔

سوال 10 :
ایک فلم میں مسلمان لڑکی کو ہندو لڑکے سے محبت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کیا ایسی فلم دیکھنا جائز ہے؟
جواب :
ایسی فلم دیکھنا ہرگز جائز نہیں۔ یہ غیرت اورحمیّتِ قومی کے خلاف ہے۔ آپ ایسی تھیٹر کے قریب بھی نہ جائیے۔ کوئی دوسری فلم دیکھ لیجیئے۔

سوال 11 :
کیا بچے کی روزہ رکھوائی کرنا ضروری ہے؟
جواب :
جی ہاں۔ جب آپ دوسروں کے گھر افطار پر جاتے ہیں تو دوسروں کو بھی دعوت دینا لازمی ہے۔ دعوتیں رشتہ داروں کے درمیان محبت بڑھانے کا سبب ہوتی ہیں۔ پھر دعوت بجائے بے مقصد کرنے کے کوئی نیک مقصد ہوتو ثواب بھی حاصل ہوتا ہے ورنہ اسراف کہلاتا ہے جو کہ حرام ہے۔ اسی طرح بچے کی بسم اللہ ، ختنہ کے پھول ، ختمِ قرآن، گھر بھراؤنی وغیرہ کے فضائل ہیں۔

سوال 12 :
آپ کے جوابات پڑھکر ایسا نہیں لگتا کہ آپ کوئی فقہی عالم ہیں ۔ پھر آپ فتوے کس طرح دے سکتے ہیں؟
جواب :
ہم فقہ کے نہیں فکاہ کے عالم ہیں ۔اورنہ آج تک کبھی ہم نے کوئی فتویٰ دیا ہے۔ فقہی معاملات میں دخل اندازی کی ہم ہرگز جسارت نہیں کر سکتے۔لوگ فقہی مسائل بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔لیکن عمل اس پر کرتے ہیں جن کا حکم ان کے دل کا مفتی دیتا ہے۔ ہم تو صرف ایسے مسائل کا جائزہ لیتے ہیں اور پیش کرتے ہیں۔ ہم نے یہ علم مدرسہ شگوفہ میں علامہ مصطفیٰ کمال کی ارادت میں سیکھا ہے۔

  • Share/Bookmark

تبصرہ کیجئے